لکی مروت کے علاقے بخمل احمدزئی کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے نصب کردہ دیسی ساختہ بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکہ ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کا نشانہ مقامی سماجی شخصیت انعام اللہ کی گاڑی بنی، تاہم انعام اللہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے جبکہ ان کے ساتھی زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں دہشتگردوں نے ناکہ بندی کر کے ایک شہری پر تشدد کیا اور اس کی گاڑی زبردستی چھین کر لے گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ علاقہ ماضی میں بھی دہشتگردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپوں کا مرکز رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں