لاہور: پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے پارٹی اجلاس میں مدعو نہ کیے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں ایسی مصروفیات کا بتایا جا رہا ہے جن کا انہیں خود بھی علم نہیں۔
عالیہ حمزہ نے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پنجاب سلمان اکرم راجہ کی پریس کانفرنس کے اس بیان پر اعتراض اٹھایا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ مصروفیت کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں ایسی کوئی مصروفیت نہیں اور سوال اٹھایا کہ اگر واقعی ایسی مصروفیات تھیں تو ان کی نوعیت کیا تھی؟
انہوں نے پارٹی کی موجودہ حکمت عملی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے لائحہ عمل کا کب اور کیا اعلان ہوا ہے؟
انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ تحریک کا آغاز کہاں سے اور کیسے ہو گا اور 5 اگست کے مقابلے میں 90 دن کا پلان کہاں سے آیا ہے؟
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے افغان سفیر کی ملاقات ، علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال
عالیہ حمزہ نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو ان سوالات کے جوابات معلوم ہوں تو انہیں بھی آگاہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک کا فوکس صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہونا چاہیے اور نعرہ بھی صرف ایک ہونا چاہیے۔