عوام کیلئے بری خبر،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

عوام کیلئے بری خبر،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

پیٹرول 6 روپے 60 پیسے، ڈیزل 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو سکتا ہےمہنگائی سے پریشان عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پیٹرول فی لیٹر 6 روپے 60 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 27 پیسے تک مہنگا ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئل انڈسٹری کی جانب سے قیمتوں کی ورکنگ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھجوا دی گئی ہے، جو اب یہ تجاویز حکومت کو ارسال کرے گی۔ وزارتِ خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت کے بعد 16 جولائی کو قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر کیا جائے گا، تاہم حکومت صوابدیدی اختیارات کے تحت قیمتیں کم یا زیادہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کو نئی قیمتوں کا بوجھ موجودہ ذخائر ختم ہونے کے بعد منتقل کیا جائے گا، یعنی مارکیٹ میں پرانے اسٹاک کے ختم ہوتے ہی نئی قیمتیں لاگو ہو سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں مہنگائی کی موجودہ لہر کے باعث عوام پہلے ہی روزمرہ ضروریات کی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں سے شدید متاثر ہیں، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ ٹرانسپورٹ، زراعت، اور دیگر شعبوں پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔

Scroll to Top