پشاور، انڈس ہائی وے کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے عدالتی احکامات پر عمل شروع

پشاور، انڈس ہائی وے کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے عدالتی احکامات پر عمل شروع

انڈس ہائی وے کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عدالتی احکامات پر عملدرآمد شروع130 سے زائد پولیس اہلکار تعینات، ٹریفک کنٹرول اور سیکیورٹی نظام میں بہتری کا فیصلہ

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت پر انڈس ہائی وے پر سیکیورٹی اور ٹریفک کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عدالتی احکامات کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے، جس میں ٹریفک اہلکاروں کی تعداد بڑھانے اور سیکیورٹی نظام کو مؤثر بنانے کے فیصلے شامل ہیں۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق، عدالتی نوٹس سے قبل کوہاٹ اور کرک کے درمیان انڈس ہائی وے پر صرف دو موبائل وینز اور 7 ٹریفک اہلکار تعینات تھے، جو علاقے کی ٹریفک اور سیکیورٹی ضروریات کے لیے ناکافی تصور کیے جا رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق اب:
کوہاٹ میں ٹریفک اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر 28 کر دی جائے گی۔
کوہاٹ ٹنل اور درہ آدم خیل بازار میں 16 اہلکار،
کوہاٹ بورڈ اور لاچی بازار میں 4،4 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
کرک میں ٹریفک کنٹرول کے لیے 12 نئے اہلکار شامل کیے گئے ہیں۔
ہائی وے ٹریفک یونٹس کی تعداد بڑھا کر 3 کر دی گئی ہے،
اور مجموعی طور پر 20 ٹریفک اہلکار کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ پولیس سربراہ اور دیگر متعلقہ حکام کو خط ارسال کیا گیا ہے تاکہ انڈس ہائی وے کے مختلف مقامات پر 130 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔

ترجمان کے مطابق ان اقدامات کا مقصد انڈس ہائی وے پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات، جرائم، اور سیکیورٹی خدشات پر قابو پانا ہے، جبکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top