خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، تاہم اپوزیشن جماعتیں تاحال سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور انتخابی حکمتِ عملی پر متفق نہیں ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن اگر متحد ہو جائے تو سینیٹ کی کم از کم پانچ نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں ہے، تاہم اختلافات اتحاد کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ انفرادی فیصلوں اور ’’سولو فلائٹ‘‘ سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے اجتماعی نقصان ہو سکتا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے ن لیگ، جے یو آئی (ف)، اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سے رابطے کیے ہیں تاکہ متفقہ لائحہ عمل اپنایا جا سکے۔
پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بغیر اپوزیشن کی ایک نشست ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
پارٹی کو توقع ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں مشاورت سے کوئی فیصلہ کریں گی تاکہ متفقہ طور پر مؤثر نمائندگی ممکن ہو سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ سیٹ فارمولا کے مطابق پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو دو، دو نشستیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کو ایک نشست دی جا سکتی ہے، بشرطیکہ تمام جماعتیں اتحاد پر آمادہ ہوں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اگر اپوزیشن یکجہتی کا مظاہرہ کرے تو نہ صرف حکومتی امیدواروں کا مقابلہ مضبوطی سے کیا جا سکے گا بلکہ سینیٹ میں بھی ان کی نمائندگی بہتر ہو گی۔