اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں کی حالیہ اختلافی بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں داخلی فورم پر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے اس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور شیخ وقاص اکرم سے براہ راست رابطہ کیا اور اختلافات کو میڈیا پر لانے سے گریز کا مشورہ دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات کو مناسب فورم پر زیر بحث لایا جائے، میڈیا پر بیان بازی سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : شیخ وقاص اکرم اور عالیہ حمزہ کے وائس نوٹس لیک ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات سامنے آ گئے
انہوں نے دونوں رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ اگر کسی کو شکایت یا تحفظات ہیں تو وہ براہ راست انہیں آگاہ کرے، وہ معاملہ من و عن بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھیں گے۔





