مانسہرہ: پولیس ٹریننگ اسکول مانسہرہ میں 47ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی ٹریننگ خیبرپختونخوا پشاور، عبدالغفور آفریدی تھے۔
تقریب میں ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور، ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، پولیس افسران، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی، ریکروٹس کے اہل خانہ، شہداء اور غازیانِ پولیس کی فیملیز نے شرکت کی۔
ہزارہ ریجن سے تعلق رکھنے والے 499 کانسٹیبلز اور 24 لیڈی کانسٹیبلز پر مشتمل ریکروٹس نے تربیت مکمل کر کے پریڈ، مارشل آرٹس اور ATS کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ پریڈ کی تیاریوں کی نگرانی ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ اسکول نیاز گل خان نے کی۔
ریکروٹس نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران ملک و قوم کی خدمت، آئینِ پاکستان سے وفاداری، غیر جانبداری سے فرائض کی ادائیگی اور شہریوں کے وقار و پولیس ضابطہ اخلاق کا احترام کرنے کا حلف اٹھایا۔
کورس کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس کو بیسٹ آف پریڈ، بیسٹ آف لا، اور بیسٹ آف فائر کے اعزازات سے نوازا گیا۔ انعامات ڈی آئی جی ٹریننگ عبدالغفور آفریدی اور ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ 90 روز کی بات گنڈاپور کی اپنی رائے، پارٹی کا فیصلہ نہیں، سلمان اکرم راجا
ڈی آئی جی ٹریننگ عبدالغفور آفریدی نے خطاب میں پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کی محنت کا صلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے یہ جوان خیبرپختونخوا پولیس اور ٹریننگ اسکول کا نام روشن کریں گے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت فرض شناسی سے انجام دیں گے۔





