انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجافری سجام الدین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور عسکری روابط کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس دیرینہ دوستی اور تعاون کو اجاگر کیا گیا جو پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان کئی دہائیوں سے قائم ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انڈونیشی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔





