خیبرپختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں جھیلیں پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا گلاف الرٹ جاری

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (Glacial Lake Outburst Floods – GLOF) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر گلاف الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ موسمیاتی حالات کے باعث چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور کوہستان کے اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے، ممکنہ خطرات سے بروقت خبردار کیا جائے اور انخلا کی مشقوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں لے جانے سے اجتناب کریں۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات تیار کر لیے گئے ہیں، ہنگامی سامان اور ریسکیو سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر خبردار رہیں اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں : جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیپلز لبریشن آرمی کی 98ویں سالگرہ کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Scroll to Top