خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری ، لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے بند

خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری ، لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے بند

خیبرپختونخوا میں گلیشیائی علاقوں میں جھیلوں کے پھٹنے (جی ایل او ایف) کے خدشے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چترال، اپر و لوئر دیر، سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق حالیہ شدید بارشوں اور درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کے باعث گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس سے قریبی آبادیوں، انفراسٹرکچر اور زراعت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق چلاس کے مقام تتاپانی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سلائیڈنگ کی صفائی اور سڑک بحالی کا کام جاری ہے، تاہم مسافروں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب، پنجاب میں بھی موسمیاتی صورتحال غیر مستحکم ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے لاہور سمیت مختلف شہروں میں آج بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق:

بارش متوقع علاقے: لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور منڈی بہاؤالدین۔

ممکنہ خطرات: شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، اربن فلڈنگ، اور مری و گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کنٹرول رومز اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو مکمل الرٹ پر رکھ دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حکام نے شہریوں، خاص طور پر سیاحوں، کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

Scroll to Top