سینیٹ انتخابات کے لیے مشال یوسفزئی کی نامزدگی پر اختلافات کی خبروں کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے کسی فیصلے کی مخالفت نہیں کی، تمام فیصلے چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری سے ہوتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کیمطابق گزشتہ روز میڈیا میں یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے لیے پانچ امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی، جن میں مشال یوسفزئی، مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نور الحق قادری شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے یہ منظوری اپنی بہن علیمہ خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی مخالفت کے باوجود دی۔ تاہم وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز مغل نے ان تمام خبروں کو مسترد کر دیا۔
’’سینیٹ ٹکٹ کے معاملے پر علی امین گنڈاپور نے کسی فیصلے کی مخالفت نہیں کی۔ نہ ہی ان کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اس حوالے سے کوئی ملاقات ہوئی ہے۔ سینیٹ امیدواروں کی نامزدگی کا فیصلہ صرف چیئرمین تحریک انصاف کا اختیار ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان اور علی امین گنڈاپور کے درمیان اختلافات کی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے، یہ تمام خبریں بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مشال یوسفزئی کو سینیٹ ٹکٹ دیے جانے پر بعض پی ٹی آئی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے انہیں ماضی میں دو بار کابینہ سے نکالا تھا۔
تاہم ترجمان کی وضاحت کے بعد ان خبروں کی نفی کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پارٹی میں فیصلے مکمل طور پر چیئرمین کی مشاورت سے ہوتے ہیں اور کسی قسم کے اندرونی اختلاف کی خبریں بے بنیاد ہیں۔





