وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی سطح پر اہم نوعیت کے فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، جس کا مقصد معیشت، تجارت، سماجی تحفظ اور قانون سازی سے متعلق اہم معاملات پر پیش رفت کو یقینی بنانا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق کابینہ اجلاس میں پاکستان اور عرب ریاستوں کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارتی روابط کو فروغ دینا، برآمدات بڑھانا اور عرب سرمایہ کاری کو پاکستان میں راغب کرنا ہے۔
اجلاس میں سی کارگو شپنگ ڈاکومنٹس بل 2025 کے مسودے کی بھی منظوری دی جا سکتی ہے۔ اس قانون سازی کا مقصد ملک میں بحری تجارتی عمل کو مزید شفاف، مربوط اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
کابینہ غیر رجسٹرڈ ادویات کی درآمد کی اجازت میں توسیع کی منظوری بھی دے گی تاکہ مارکیٹ میں ضروری ادویات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے، بالخصوص ان مریضوں کے لیے جو مخصوص اور نایاب ادویات پر انحصار کرتے ہیں۔
اجلاس میں بزرگ شہریوں کے لیے خوشخبری بھی متوقع ہے۔ ای او بی آئی پنشن میں یکم جنوری 2025 سے 15 فیصد اضافے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جس سے ہزاروں پنشنرز کو مالی ریلیف میسر آئے گا۔
کابینہ کے ایجنڈے میں قومی کینیبِس کنٹرول و ریگولیٹری پالیسی 2025 بھی شامل ہے، جس کا مقصد اس حساس شعبے میں قواعد و ضوابط کو واضح، محفوظ اور سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی جبکہ دیگر اہم قومی امور، موجودہ معاشی صورت حال، اور ممکنہ اصلاحاتی اقدامات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔





