پشاو ر:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان کے ضلع آوران میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے تین بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے ہلاک کیے جانے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سید رب نواز طارق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے شہید میجر کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ میجر رب نواز نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جو قوم کی سلامتی اور امن کے لیے ان کی بے مثال قربانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آواران میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن، تین بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک،میجر شہید
گورنر نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ فخر ہے، اور ان کی بہادری کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔





