خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات: حکومت اور اپوزیشن میں 6/5 فارمولے پر اصولی اتفاق

پشاور: پشاور میں خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سینیٹ انتخابات کے حوالے سے جاری رابطوں اور مشاورت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں فریقین نے سینیٹ کی 11 نشستوں پر بلا مقابلہ انتخاب کرانے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب حکومت اور اپوزیشن کے سینئر رہنماؤں کے درمیان ہونے والی طویل ملاقات میں 6/5 فارمولے پر کافی حد تک اتفاق رائے پیدا ہو چکا ہے، جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 6 جب کہ اپوزیشن کو 5 نشستیں دینے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ فارمولے پر مکمل عمل درآمد سے قبل پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات کو بھی حتمی شکل دینا ضروری ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی امیدواروں کو دستبردار کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ بلا مقابلہ انتخاب کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔

دوسری جانب، اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی باہمی مشاورت کے بعد متفقہ حکمت عملی اختیار کر چکی ہیں اور اپنے امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی حلقے بھی چاہتے ہیں کہ انتخابی عمل کے دوران کسی سیاسی کشیدگی یا غیر متوقع صورتحال سے بچا جائے، اس لیے کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام نشستوں پر بلا مقابلہ انتخاب ممکن بنایا جا سکے۔

آج حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک حتمی ملاقات متوقع ہے جس میں معاملات پر دستخط لیے جائیں گے۔ اگرچہ اصولی طور پر معاہدہ طے پا چکا ہے، تاہم بعض تکنیکی تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بلا مقابلہ انتخاب نہ ہوا تو ووٹنگ کی صورت میں صورتحال دونوں جانب کے لیے غیر یقینی ہو سکتی ہے، جس سے بچنے کے لیے یہ حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ امیدواروں کی یقینی کامیابی ممکن بنائی جا سکے۔

Scroll to Top