پشاور : پشاور پولیس لائنز میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ معمولی خلاف ورزیوں پر غریب محنت کشوں کو چالان کم اور وارننگ زیادہ دی جائے، کیونکہ یہ لوگ بڑی محنت سے اپنے بچوں کے لیے رزق کماتے ہیں اور بھاری جرمانے برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اس کے برعکس بااثر اور بڑی گاڑیوں والوں پر سختی سے قانون لاگو کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پولیس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران اہم اقدامات کیے۔
گزشتہ سال مجھے پولیس دربار میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن میں نے کہا جب پولیس کے لیے کچھ کروں گا، تب شرکت کروں گا۔
آج میں پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ میں نے پولیس کا بجٹ 124 ارب سے بڑھا کر 158 ارب کر دیا اور خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں کو پنجاب پولیس کے برابر کر دیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے خطاب کے دوران شہداء کے لواحقین سے متعلق بھی اہم اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے شہداء کے ورثاء کے لیے گزشتہ سال مفت پلاٹ دینے کا جو اعلان کیا گیا تھا، اس پر رواں سال عمل درآمد ہوگا اور سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ دیے جائیں گے۔
انہوں نے پولیس میں سفارش کلچر کے خاتمے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود بطور وزیراعلیٰ پولیس میں کوئی سفارش نہیں کی اور پولیس اہلکاروں کو بھی ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی سفارش قبول نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے افغان سفیر کی ملاقات ، علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال
میرٹ کی بنیاد پر انصاف فراہم کیا جائے تاکہ کوئی کمزور انصاف سے محروم نہ رہے اور کوئی طاقتور سزا سے بچ نہ سکے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور صوبے کی سلامتی میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔





