اسلام آباد و راولپنڈی میں بارش، نالے بپھر گئے، گاڑیاں بہہ گئیں،نالہ لئی میں پانی بلند، خطرے کے الارم بج گئے،انخلا کی وارننگ جاری

اسلام آباد و راولپنڈی میں بارش، نالے بپھر گئے، گاڑیاں بہہ گئیں،نالہ لئی میں پانی بلند، خطرے کے الارم بج گئے،انخلا کی وارننگ جاری

جڑواں شہروں میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نالے ابل پڑے، گاڑیاں بہہ گئیں اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ریسکیو 1122، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جب کہ نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی کے اطراف انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا تو سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ سمیت متعدد مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث پل زیر آب آ گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ایم ڈی واسا نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے، جبکہ واسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی میں ایک دن کی عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسکول، دفاتر بند رہیں گے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ادھر جہلم میں بھی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے خطرات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top