عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، برینٹ کروڈ 68.84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، برینٹ کروڈ 68.84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ امریکہ اور چین میں موسمِ گرما کے دوران تیل کی مستحکم طلب کی توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سمانیوز)کیمطابق کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ کی قیمت میں 13 سینٹ (0.2 فیصد) اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 68.84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے سودے 25 سینٹ (0.4 فیصد) اضافے کے ساتھ 66.77 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں سفری سرگرمیوں اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے باعث ایندھن کی طلب بڑھ گئی ہے، جو قیمتوں میں اضافے کا باعث بنی۔ خاص طور پر چین کی معیشت میں بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں جہاں جون کے دوران خام تیل کی پروسیسنگ میں 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو توانائی کی مستحکم طلب کا عکاس ہے۔

رپورٹ کے مطابق تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک رواں سال کی دوسری ششماہی میں بہتر معاشی نمو کی توقع کر رہے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں اعتماد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

تاہم، بعض ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عارضی ہو سکتا ہے اور اگر عالمی سطح پر معاشی دباؤ یا سپلائی چین میں بہتری آئی تو قیمتیں ایک بار پھر نیچے آ سکتی ہیں۔

Scroll to Top