کوہستان مالی اسکینڈل میں نیا موڑ، ملزم نے نیب کو دوبارہ پلی بارگین کی درخواست دیدی

خیبرپختونخوا کے تاریخی میگا کرپشن کیس کوہستان مالی اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مرکزی ملزم محمد ایوب نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو پلی بارگین کی نئی درخواست جمع کروا دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق ملزم نے نیب کے سامنے 3 ارب 45 کروڑ روپے واپس کرنے کی پیشکش کی ہے اور اس رقم کو تین اقساط میں ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں، محمد ایوب اس سے قبل بھی کم رقم پر پلی بارگین کی درخواست دے چکا ہے، جسے نیب نے مسترد کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ کوہستان اسکینڈل میں نیب کی تحقیقات کے دوران چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے، جس کے بعد معاملے کو انکوائری سے باضابطہ تحقیقات میں تبدیل کیا گیا۔

نیب اب تک اس کیس میں 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے ضبط کر چکا ہے۔

1 ارب روپے سے زائد نقد رقم
غیر ملکی کرنسی اور 3 کلوگرام سے زائد سونا

مختلف بینکوں میں موجود 73 بینک اکاؤنٹس شامل ہیں، جن میں 5 ارب روپے سے زائد کی رقم موجود ہے۔

نیب حکام کے مطابق پلی بارگین کی درخواست کا قانونی و مالی پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کوہستان کرپشن اسکینڈل کو خیبرپختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیاتی اسکینڈل قرار دیا جا رہا ہے، اور اس میں کئی اعلیٰ شخصیات کے ملوث ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top