این ڈی ایم اے نے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کردیا

این ڈی ایم اے نے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر افراد کو خطرے کے سائرن بجنے پر فوری انخلا کی تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہریوں کو متعلقہ اداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے جبکہ این ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں شامل:
پنجاب کے مختلف شہر جیسے، لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی تیز اور شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس پر کڑی نگرانی جاری ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

Scroll to Top