کابل : ازبکستان،افغانستان اورپاکستان نےریلوے کاریڈور فریم ورک معاہدے پر دستخط کردیئے

کابل : ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کو ملانے والے سہ ملکی “نائب آباد-خرلاچی ریلوے کاریڈور” کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جو تینوں ممالک کے درمیان علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

اس تاریخی موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تینوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ بھائی چارے اور تعاون کے جذبے سے سرشار ہو کر ہم نے ایک ایسے منصوبے کی بنیاد رکھی ہے جو نہ صرف خطے کو جوڑے گا بلکہ معاشی خوشحالی کی نئی راہیں بھی کھولے گا۔

ایکس پر جاری پیغام میں اسحاق ڈار نے ازبک اور افغان وزرائے خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک کا مشترکہ عزم اس ریلوے منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے جہاں انہوں نے ازبک اور افغان ہم منصبوں سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سی پیک سمیت اہم منصوبوں کی سیکیورٹی پر سیکیورٹی آڈٹ میں سنگین خامیاں بے نقاب

افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں فریقین نے تجارتی روابط، علاقائی رسائی اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top