ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز، برمنگھم میں آج ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا منسوخ

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز، برمنگھم میں آج ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا منسوخ

کرکٹ شائقین کے لیے ایک افسوسناک خبر، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں آج برمنگھم میں شیڈول پاک-بھارت مقابلہ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل (سمانیوز)کے مطابق بھارتی ٹیم کے چند اہم سابق کھلاڑیوں عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، ہربھجن سنگھ اور شیکھر دھون نے شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر شاہد آفریدی میدان میں اتریں گے تو وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

میچ آج رات 8:30 بجے برمنگھم میں کھیلا جانا تھا، جس کا کرکٹ فینز بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ لیکن بھارتی کھلاڑیوں کے انکار کے بعد WCL انتظامیہ کو میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

WCL انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ایونٹ کے دیگر میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، اور آج کے منسوخ شدہ میچ کی ٹکٹ فیس واپس کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان چیمپئنز نے گزشتہ روز ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا، جب انہوں نے انگلینڈ چیمپئنز کو 5 رنز سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو بال آؤٹ پر ہرایا۔

کرکٹ حلقوں میں بھارتی لیجنڈز کے رویے کو ’’غیر پیشہ ورانہ اور افسوسناک‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top