گلگت بلتستان کے مشہور سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر جولائی کے مہینے میں غیر معمولی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد علاقے کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ موسم کی اس غیر متوقع تبدیلی نے نہ صرف مقامی افراد کو حیران کیا بلکہ سیاحوں کے لیے بھی یہ ایک دلچسپ اور یادگار تجربہ بن گیا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق برفباری کے بعد بابوسر ٹاپ کا منظر انتہائی دلفریب ہو گیا، ہر طرف سفید چادر تنی نظر آ رہی ہے۔ بڑی تعداد میں سیاحوں نے اس نایاب موقع کا بھرپور لطف اٹھایا، برفیلی ہواؤں اور دلکش مناظر نے قدرتی حسن کو دوبالا کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ نے موسم کی شدت اور ممکنہ پھسلن کے پیش نظر سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھاری مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جولائی میں اس نوعیت کی برفباری غیر معمولی ہے اور یہ موسمیاتی تبدیلیوں کا ایک مظہر ہو سکتی ہے۔





