پشاور، دیر، صوابی اور گردونواح میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کیمطابق پشاور میں بارش کے بعد ہلکی ہواؤں نے فضا کو مزید خوشگوار بنا دیا جبکہ دیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی۔
شدید بارش کے باعث بالائی علاقوں کی کئی رابطہ سڑکیں بہہ گئی ہیں جس سے مقامی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر بالائی علاقوں میں مزید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں جزوی ابرآلود اور مرطوب موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔