سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے 9 مئی کیسز میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سنائی گئی سزاؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما مایوس نہ ہوں، ان کے مقدمات کا انجام بھی وہی ہو گا جو ان کے کیس کا ہوا تھا۔
نجی ٹی وی (ہم نیوز) کے مطابق جاوید ہاشمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ ’’مجھے بھی 23 سال کی قید سنائی گئی تھی، لیکن وہ مقدمہ بھی جھوٹا ثابت ہوا، اور آج میں آزاد ہوں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ آپ کا لیڈر (عمران خان) بھی ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔‘‘
انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا’’تحریک انصاف کے بہادر شیرو! جنہیں سزا ہوئی ہے، آپ نے مایوس نہیں ہونا۔ آپ میں سے کئی ہمارے کل کے لیڈر ہیں۔‘‘
جاوید ہاشمی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت عملاً مارشل لا کا دور ہے، جمہوریت صرف کاغذوں میں باقی رہ گئی ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف اور اس کے کارکنوں کو ’’سلام” پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدوجہد جاری رکھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت کئی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جب کہ شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا تھا۔