قبائلی عمائدین سے ملاقات ،وزیراعظم شہباز شریف کا ضم شدہ اضلاع کے کوٹے کی بحالی کا اعلان

اسلام آباد(مہوش قماس خان) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں ضم شدہ اضلاع میں امن عامہ کی صورتحال اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر ایک اہم اعلان کرتے ہوئے میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں ضم شدہ اضلاع کے طلبہ کا تعلیمی کوٹہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا جس پر عمائدین نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو میں کہاکہ مجھے آج وزیراعظم ہاؤس میں آپ قبائلی عمائدین کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ آپ ان علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جو تاریخ، قربانی اور شاندار روایات کے امین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے ضم شدہ علاقوں میں امن قائم رکھنے کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ خطے میں ترقی کے راستے ہموار کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں تعلیم، صحت، ہنر اور روزگار کے شعبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا یونیورسٹی، پولیس انفراسٹرکچر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی سربراہی میں ضم شدہ اضلاع سے متعلق قائم کمیٹی کے دائرہ کار میں توسیع کی ہدایت دی اور کہا کہ اس کمیٹی میں قبائلی عمائدین کو بھی نمائندگی دی جائے گی تاکہ فیصلہ سازی میں ان کی آواز شامل ہو۔

وفد نے وزیراعظم کی جانب سے کی گئی یقین دہانیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں افواج پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کو سراہا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ قبائلی عمائدین کے ساتھ اس نوعیت کی مشاورتی نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ زمینی حقائق کی روشنی میں عوامی فلاح کے مزید فیصلے کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : میرانشاہ پولیس کے 22 اہلکاروں کے استعفے کی خبریں بے بنیاد قرار

ملاقات میں وفاقی وزرا، گورنر خیبر پختونخوا، وزیراعظم کے مشیران اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Scroll to Top