اسحاق ڈار کی امریکی ہم منصب مارکو رویبو سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال

پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان واشنگٹن میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، انسداد دہشتگردی، علاقائی امن و سلامتی، ٹیکنالوجی، معدنیات، زراعت اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ (سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے اسحاق ڈار کا استقبال کیاگیا۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے سینئر حکام شریک تھے۔

پاکستا ن اور امریکہ کے وزراء خارجہ کے درمیان یہ پہلی با لمشافہ ملا قات ہے، اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک روابط قائم تھے۔

ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم نے عالمی امن کے قیام کے لیے امریکی قیادت، خصوصاً سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا اور پاک بھارت کشیدگی میں ان کے تعمیری کردار کو لائق تحسین قرار دیا۔

ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی امن میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری ٹریڈ ڈائیلاگ میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور پاکستان امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے ایک پرکشش منزل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ ڈیگاری کوئٹہ کے خلاف پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبہ جات میں مؤثر روابط قائم رکھنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top