اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے خبردار کیا ہے کہ سزائیں دینے والوں کو سوچنا ہوگا کیونکہ اس سے 5 اگست کے احتجاج میں شدت آئے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سب کو اتحاد کا پیغام دیا ہے اور پارٹی میں تقسیم پیدا کرنے والوں کو پارٹی سے باہر نکالا جائے گا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان خود ہر معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور جو بھی پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے سختی سے نکالا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں تقسیم کی باتیں تحریک کو نقصان پہنچاتی ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کا حکم سرآنکھوں پر ہے۔
انہوں نے نومئی کیسز کے حوالے سے کہا کہ اس میں شاہ محمود قریشی سمیت سب کو بری کرنا چاہیے تھا اور سزائیں دینے والوں کو اس بات کا اندازہ ہونا چاہیے کہ ان فیصلوں سے احتجاج میں شدت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عرفان صدیقی
شیخ وقاص اکرم نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں ظلم ہو رہا ہے، انہیں ملاقاتیں نہیں کرائی جا رہیں اور کتابیں بھی نہیں دی جا رہیں، مگر وہ ظلم کے سامنے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے بیٹوں نے کبھی بھی 5 اگست کو احتجاج کرنے کا اعلان نہیں کیا اور ابھی تک ان کی پاکستان آمد کی تاریخ بھی طے نہیں ہوئی۔ جب تاریخ مقرر ہوگی تو اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا