اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین عمران خان کی کال پر 5 اگست سے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے صوبائی تنظیموں اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ہر ٹکٹ ہولڈر اپنے حلقے میں احتجاج ریکارڈ کرائے اور ریلی کا انعقاد کرے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس تحریک کے لیے تمام حلقہ جاتی سطح پر متحرک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ احتجاج کو بھرپور انداز میں عوامی طاقت کے ساتھ پیش کیا جا سکے۔ ریلیوں اور احتجاج کی قیادت پارٹی کے ٹکٹ یافتہ امیدوار کریں گے۔
ایکسریس نیوز کے مطابق پارٹی میں اندرونی اختلافات بھی سامنے آ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ راجا متعدد بار اجلاسوں میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ احتجاج والا میٹیریل نہیں ہیں، جس پر تحفظات پیدا ہوئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سیاسی کمیٹی کا آئندہ اجلاس کل متوقع ہے، تاہم اس کا مقام تاحال فائنل نہیں ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں : سزائیں دینے والوں کو سوچنا ہوگا، 5 اگست کے احتجاج میں شدت آئے گی، شیخ وقاص اکرم
پارٹی ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجا سیاسی کمیٹی کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور وہ سندھ روانہ ہو گئے ہیں، جب کہ کئی دیگر رہنما نو مئی کے واقعات کے بعد سے روپوش ہیں۔
سیاسی کمیٹی کا اجلاس مبینہ طور پر پارٹی رہنماؤں کی عدم دلچسپی اور تنظیمی کمزوریوں کے باعث بلایا جا رہا ہے تاکہ تحریک کے حوالے سے عملی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جا سکے۔