سانحہ سوات، محکمہ داخلہ نے انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے آئی جی کو خط ارسال کردیا

سانحہ سوات، محکمہ داخلہ نے انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے آئی جی کو خط ارسال کردیا

سانحہ سوات سے متعلق انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کو باقاعدہ خط ارسال کردیا ہے جس میں رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر فوری اور مؤثر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے آئی جی سے سوات پولیس کی مبینہ غفلت اور دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف 60 دن کے اندر کارروائی مکمل کی جائے۔

قانون و ضوابط میں موجود خامیوں کو دور کرتے ہوئے 30 دن کے اندر نیا نظام وضع کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

دریا کے کنارے واقع عمارتوں اور شہری تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ایک نیا ریگولیٹری فریم ورک بھی تجویز کیا گیا ہے جسے آئندہ 30 روز میں نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو دفعہ 144 کا سختی سے نفاذ یقینی بنانے، حساس مقامات پر پولیس کی نمایاں موجودگی برقرار رکھنے اور وہاں وارننگ سائن بورڈز نصب کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں 28 سے 31 جولائی تک مزید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ ،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے دی گئی یہ ہدایات سوات جیسے افسوسناک واقعات کی روک تھام اور نظام کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top