نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اور انسداد پولیو پروگرام نے خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید دو کیسز کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز ضلع لکی مروت اور شمالی وزیرستان سے سامنے آئے ہیں، لکی مروت کی یونین کونسل تختی خیل میں 15 ماہ کی بچی جبکہ شمالی وزیرستان کی یونین کونسل میر علی 3 میں 6 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ تین کیسز ضلع بنوں سے رپورٹ ہوئے ہیں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان سے دو، دو جبکہ ٹانک، تورغر اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں ویکسینیشن کا نیا شیڈول، شام کے اوقات میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو چکی ہے جن میں خیبرپختونخوا سے 10، سندھ سے 5 جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔