پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چار کارکنان کو اسلام آباد کی ضلعی عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔ تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں پاپو ایکٹ کے تحت سنائی گئی 6، 6 ماہ قید کی سزا معطل کر دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق یہ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے سنایا، جنہوں نے سزا معطلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو عبوری ریلیف فراہم کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ تمام ملزمان 30 روز کے اندر اپیل دائر کریں تاکہ مقدمے کی مزید کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
سزا معطل ہونے والے ملزمان:
دانش
عیسیٰ
اعجاز
محمد عیسیٰ
عدالتی کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء سردار مصروف خان اور زاہد بشیر ڈار نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کارکنان کو بلا جواز قید کی سزا سنائی گئی، حالانکہ مقدمے کے شواہد اس نوعیت کے نہیں تھے کہ سزا دی جاتی۔
یاد رہے کہ مذکورہ مقدمہ تھانہ ترنول میں درج کیا گیا تھا جس میں پاپو ایکٹ کے تحت چاروں ملزمان کو چھ ماہ قید سنائی گئی تھی، تاہم اب سیشن کورٹ کی جانب سے سزا معطل ہونے کے بعد ملزمان کو اپیل کا قانونی حق دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی حلقوں نے عدالت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اسے کارکنان کے لیے انصاف کی طرف ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔





