مون سون کا زور برقرار،بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

مون سون بارشوں میں سیاحوں کو پیشگی آگاہی فراہم کی جائے،پی ڈی ایم اے کا محکمہ سیاحت کو مراسلہ

پشاور(محمد اعجاز آفریدی )پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات سے بچاؤ اور پیشگی حفاظتی اقدامات کے لیے محکمہ سیاحت کو خصوصی مراسلہ ارسال کیا ہےجس میں سیاحتی مقامات پر عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی اور احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران متوقع بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے سیاحوں، ٹور گائیڈز اور مقامی آبادی کو بروقت خبردار کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ادارے کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال اور بارشوں کے دوران سفر سے متعلق احتیاطی تدابیر سائن بورڈز، مقامی انتظامیہ، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے فراہم کی جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے ٹور گائیڈز کو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزیز اور وارننگز پر سختی سے عمل کریں اور سیاحوں کو خطرناک یا حساس علاقوں کی طرف لے جانے سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ، لاپتہ افراد سے متعلق درخواستوں پر سماعت، وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت سے رپورٹس طلب

کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری امداد اور رابطے کے لیے پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top