اٹلس ہونڈا نے پاکستان میں موٹر سائیکل کے شوقین افراد کے لیے 150 سی سی کی نئی پیشکش ’سی جی 150‘ متعارف کرا دی ہے۔
یہ موٹر سائیکل بظاہر سی جی 125 کے ڈیزائن سے متاثر دکھائی دیتی ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے مکمل طور پر نئی شناخت اور بہتر فیچرز کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
سی جی 150 میں نہ صرف الائے ویلز اور کروم فینڈرز شامل کیے گئے ہیں بلکہ اس کے ہیڈ لائٹ کو بھی جدید ایل ای ڈی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے، جو اسے روایتی ڈیزائن کے ساتھ ایک نیا انداز دیتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس موٹر سائیکل میں ایسا انجن استعمال کیا گیا ہے جو طاقتور کارکردگی کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت میں بھی معاون ہے، جو موجودہ معاشی حالات میں خریداروں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔
اٹلس ہونڈا نے اس موٹر سائیکل کی ایکس فیکٹری قیمت 4 لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی ہے جسے 150 سی سی کیٹیگری میں نسبتاً کم قیمت تصور کیا جا رہا ہے۔





