اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف چترالی کو نااہل قرار دیدیا۔
الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالطیف کو عدالت سے سنائی گئی سزا کے تناظر میں آئینی تقاضوں کے تحت نااہل قرار دیا گیا۔
ان پر الزام تھا کہ وہ 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمے میں ملوث پائے گئے۔
عبدالطیف چترالی 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے-1 اپر چترال-کم-لوئر چترال سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے 61,834 ووٹ حاصل کیے اور بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کی ہدایت پر سنی اتحاد کونسل (SIC) میں شامل ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : بٹگرام : خفیہ اطلاع پر کارروائی، کوزہ بانڈہ سے گدھے کا گوشت برآمد،دو ملزمان گرفتار
یاد رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عبدالطیف چترالی کو 30 مئی 2025 کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کی بنیاد پر آئین کی شق 63(1)(h) کے تحت ان کی رکنیت ختم کی گئی۔
اس شق کے مطابق کوئی بھی شخص جسے کسی فوجداری جرم میں دو سال یا اس سے زائد قید کی سزا ہو پارلیمنٹ کا رکن بننے یا رہنے کا اہل نہیں رہتا۔