الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی )نے قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کی چند خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے تحت قومی اسمبلی کے حلقے این اے 66 وزیر آباد، این اے 129 لاہور اور صوبائی حلقہ پی پی 87 میانوالی میں ضمنی انتخابات 18 ستمبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 66 ایم این اے احمد چٹھہ، جبکہ پی پی 87 ایم پی اے احمد خان بچھر کی نااہلی پر خالی ہوئی۔
این اے 129 لاہور کی نشست سینئر سیاستدان میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 4 سے 6 اگست تک جمع کرواسکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 11 اگست تک مکمل کی جائے گی، جبکہ انتخابی نشانات 26 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے۔
ادھر سینیٹ کی ایک نشست، جو سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی، اس پر بھی ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا بڑا اقدام، اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ
پنجاب سے سینیٹ کی اس نشست پر ووٹنگ 21 اگست کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔ نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر کی گئی ہے اور جانچ پڑتال 5 اگست کو کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 13 اگست مقرر کی گئی ہے۔