اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے سے روکنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ایک سیاسی ڈرامہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا مقصد والد اور اولاد کی ملاقات روکنا نہیں بلکہ سیاسی فائدہ اٹھانا ہے۔
خواجہ آصف نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کی کوئی بھی حرکت سیاسی یا مالی منافع سے خالی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ورکر اور ان کے بچے اقتدار کی ہوس کی تکمیل کے لیے استعمال ہوں گے، یہ منافقت میں لپٹی بزدلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے بیٹے پاکستان آ سکتے ہیں، پرامن سیاست کی اجازت ہوگی، رانا ثناء اللہ
انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے عام آدمی کو قربانی دینی پڑتی ہے، لیکن عمران خان اور ان کی اولاد یہودی لابی کے لیے قربانی کے طور پر استعمال ہو رہی ہے، جس سے بڑی نوسر بازی کی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے بیٹوں سلیمان اور قاسم کو پاکستان آنے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے، جس نے سیاسی حلقوں میں کافی بحث چھیڑ دی ہے۔