31 جولائی کو سینیٹ الیکشن، پی ٹی آئی نے مشال یوسفزئی پر اعتماد کا اظہار، نوٹیفکیشن جاری

31 جولائی کو سینیٹ الیکشن، پی ٹی آئی نے مشال یوسفزئی پر اعتماد کا اظہار، نوٹیفکیشن جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا کی خواتین کی مخصوص نشست پر سینیٹ ضمنی انتخاب کے لیے مشال یوسفزئی کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر کیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق پارٹی نے خواتین کی مخصوص نشست کے لیے دیگر امیدواروں ساجدہ بیگم، مومنہ باسط، سمیرا شمس اور ثمینہ خالد کو دستبردار ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اس ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ 31 جولائی کو خیبرپختونخوا میں ہوگی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال سے رکن اسمبلی نااہل
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 (چترال) سے منتخب رکن عبداللطیف چترالی کو آئین کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت نااہل قرار دے دیا ہے۔ وہ 9 مئی کے واقعات میں سزا یافتہ ہونے کے باعث پارلیمنٹ کی رکنیت کے لیے نااہل ٹھہرے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس حلقے کو خالی قرار دے دیا ہے۔

مزید ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن نے مزید تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے، جن میں شامل ہیں:
سینیٹ کی اعجاز چوہدری کی خالی کردہ نشست
پنجاب اسمبلی کا حلقہ پی پی 87 (میانوالی)، احمد خان بھچر
قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 66 (وزیرآباد)، احمد چٹھہ

ان حلقوں میں پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوگی، جبکہ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 اگست مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اعجاز چوہدری کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے باعث وہ بھی نااہل قرار دیے گئے۔ احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ بھی عدالت سے سزا یافتہ قرار پائے تھے۔

Scroll to Top