چارسدہ (الف خان شیرپاؤ)ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے حالیہ میٹرک امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے معذور طالبعلم محمد سدیس سے خصوصی ملاقات کی۔
محمد سدیس دونوں ہاتھوں اور پاؤں سے معذور ہونے کے باوجود عزم و ہمت کی مثال بنے اور امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالقادر، فرینڈز آف پیراپلگ کے نمائندہ عادل خان، پرائم منسٹر یوتھ کوآرڈینیٹر رحمت علی اور سدیس کے والد بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے محمد سدیس کو شیلڈ، پھولوں کا گلدستہ اور نقد انعام پیش کرتے ہوئے ان کی محنت اور حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا باصلاحیت اور قابلِ قدر حصہ ہیں، جنہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی
ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے معذور مگر ہونہار طلبہ کے لیے تعلیمی اسکالرشپس کا بھی اعلان کیا، تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔