برطانیہ میں 17 سالہ نوجوان نے روایتی ڈرائیونگ کلاسز لینے کے بجائے یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے ڈرائیونگ سیکھ کر نہ صرف پہلا ٹیسٹ کامیابی سے پاس کر لیا بلکہ بھاری رقم کی بچت بھی کی۔
اولی برڈ نامی اس نوجوان نے تقریباً 30 گھنٹے تک مختلف ڈرائیونگ ٹیوٹوریلز دیکھے، جن میں ماہر انسٹرکٹرز نے گاڑی چلانے کے بنیادی اصول، سڑک کے قوانین، پارکنگ، کلچ اور ریورس کنٹرول جیسے پہلوؤں کی تفصیل سے وضاحت کی تھی۔
اس کے ساتھ ہی اولی نے گو کارٹ ریسنگ اور کمپیوٹر ڈرائیونگ سیمولیٹرز کی مدد سے عملی مہارتیں جیسے اسٹیئرنگ، بریک اور ایکسیلیریٹر پر کنٹرول حاصل کیا۔
اولی نے صرف تین ہفتوں کی تیاری کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ پہلی ہی کوشش میں پاس کر لیا اور جلد ہی اپنی “لرنر پلیٹس” بھی ہٹا دیں۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے روایتی انسٹرکٹرز کے ساتھ کلاسز لینے پر تقریباً 1,200 سے 1,600 پاؤنڈز تک خرچ آتا ہے، جبکہ اولی نے صرف مفت آن لائن مواد استعمال کر کے لگ بھگ 1,000 سے 1,300 پاؤنڈز (تقریباً 3 سے 5 لاکھ پاکستانی روپے) کی بچت کی۔