افغان مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کے بغیر ویزہ پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جو آج سے ملک کے تمام تجارتی گزرگاہوں پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق محکمہ تجارت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افغان مال بردار گاڑیوں کو پاکستان میں عارضی داخلہ دستاویز کے تحت 31 اگست 2025 تک آمدورفت کی اجازت دی جائے گی، جس کے بعد اس اجازت کی مدت ختم ہو جائے گی۔
یہ پابندی اس وقت عائد کی گئی ہے جب وزارت تجارت نے ایک سال قبل افغان ڈرائیورز کو ویزہ حاصل کرنے کی مہلت دی تھی تاکہ سرحد پار تجارتی سرگرمیوں میں آسانی ہو سکے۔ تاہم اب اس عرصے کے ختم ہونے کے بعد افغان ڈرائیورز کے بغیر ویزہ پاکستان میں داخلے پر مکمل پابندی لاگو کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی گزرگاہوں پر نظم و نسق اور سیکیورٹی کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔