پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے پانچ ماہ کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں اس سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔
این آئی ایچ ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق لکی مروت کی یونین کونسل سلیمان خیل کے رہائشی بچے میں پولیو کی تشخیص ہوئی۔ ملک بھر میں رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔
قومی مرکز برائے انسداد پولیو نے خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں میں پولیو کیسز کی رپورٹنگ کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی قیادت میں جنوبی اضلاع کے لیے انسداد پولیو کا خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
نیشنل ای و سی کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ہی ہائی رسک اضلاع میں ویکسین کی رسائی کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ملیریا کیسز میں اضافہ، متاثرین کی تعداد کتنی ہو گئی؟ جانیں
مزید برآں آئندہ ماہ ملک بھر میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں خیبرپختونخوا پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
قومی مرکز نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کی پولیو ویکسینیشن یقینی بنائیں اور دیگر حفاظتی ٹیکہ جات کا مکمل کورس بھی کروائیں تاکہ بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔