پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات بڑھانے کے لیے ڈبل شفٹ اسکول سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس نظام کے تحت ایسے طلبہ و طالبات کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو روایتی اوقات میں اسکول آنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز احمد مغل کے مطابق مختلف اضلاع کے اسکولوں میں دوسری شفٹ کا آغاز جلد کر دیا جائے گاجس کے لیے 2500 سے زائد نئے اساتذہ کو کنٹریکٹ بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا،ان میں 1804 پرائمری اور 639 سیکنڈری اسکول ٹیچرز شامل ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی درخواستیں متعلقہ ضلعی تعلیمی دفاتر یا محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ریکارڈ سطح پر بجٹ مختص کیا ہے اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا میں 24 افسران کے تقرری و تبادلے
انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدید تدریسی طریقہ کار متعارف کروانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، ساتھ ہی پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں جبکہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے نئے گرلز اسکولز اور اسکالرشپ اسکیمز کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔





