خیبرپختونخوا حکومت نے باجوڑ سے نقل مکانی کرنے والے شہریوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تصدیق کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث رضاکارانہ طور پر گھر چھوڑنے والے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی قسم کے آپریشن یا نقل مکانی کی حامی نہیں، تاہم موجودہ حالات میں اگر شہری اپنی حفاظت کے پیش نظر نقل مکانی کر رہے ہیں تو ان کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ابتدائی طور پر 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ٹارگٹڈ کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو مزید 25 ہزار روپے فی خاندان کی اضافی امداد بھی دی جائے گی۔
یوں مجموعی طور پر ہر متاثرہ خاندان کو 75 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ متاثرین کی بحالی، واپسی اور ضروریات کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ اقدام کسی زبردستی یا حکومتی آپریشن کے نتیجے میں نہیں بلکہ شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا’’ہم آپریشن یا جبری نقل مکانی کے حامی نہیں، مگر جو لوگ خود سے اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں، ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔‘‘
حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی کی بہتری، بحالی کے کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد اور سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔





