خیبر پختونخوا !باجوڑ میں کرفیو، شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت

خیبر پختونخوا !باجوڑ میں کرفیو، شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے 24 علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے پیش نظر کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی منظوری سے ضلعی انتظامیہ نے کیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کرفیو کا اطلاق 21 اگست شام 5 بجے تک ہوگا۔ اس دوران شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے، سڑکوں پر آمد و رفت اور کسی بھی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح طور پر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر کے گھروں تک محدود رہیں۔ کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوگی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام علاقے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہے، اور اس دوران سکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک رہیں گے۔

اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر قریبی حکام کو دیں۔

Scroll to Top