دلوں کو نئی زندگی!پشاورانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ایک دن میں 14 کامیاب TAVI سرجریز کر کے دنیا کو حیران کر دیا

دلوں کو نئی زندگی!پشاورانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ایک دن میں 14 کامیاب TAVI سرجریز کر کے دنیا کو حیران کر دیا

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے 14 اگست کو طب کی دنیا میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایک ہی دن میں 14 ٹرانس کیتھیٹرک اے اورٹک والو امپلانٹیشن (TAVI) سرجریز مکمل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ کارنامہ اس سے قبل سربیا کے اسپتال کے پاس تھا، جہاں ایک دن میں 13 سرجریز کی گئی تھیں۔

اسپتال ترجمان رفعت انجم کے مطابق اس کامیابی سے پاکستان نے عالمی سطح پر خود کو دل کے پیچیدہ علاج کے حوالے سے ایک ابھرتی ہوئی قوت کے طور پر منوایا ہے۔ ریکارڈ ساز سرجریز میں ملک کے مختلف بڑے اسپتالوں سے آئے ہوئے ماہر کارڈیالوجسٹس اور سرجنز نے حصہ لیا۔

میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ TAVI ایک انتہائی جدید طریقہ علاج ہے، جس میں بغیر سینہ کھولے دل کے بند والو کو مصنوعی والو سے تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ خاص طور پر ان مریضوں کے لیے موزوں ہے جن میں اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں ہوتی۔

کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عابداللہ کے مطابق یہ کامیاب سرجریز 70 سے 80 سال کے ان مریضوں کے لیے زندگی کی نئی امید بنیں، جو پہلے اپنی بیماری کے باعث محدود زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ عالمی ریکارڈ یومِ آزادی (14 اگست) کے دن قائم ہوا، جس نے اس کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک قومی فخر میں بدل دیا۔

Scroll to Top