انتہائی آسان اقساط پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

اسلام آباد: وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی فراہم کرنا اور ملک میں ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنا ہے۔

اس اسکیم کے تحت یونیورسٹی طلبا، فری لانسرز اور ابتدائی کاروباری افراد کو بغیر سود کے آسان ماہانہ اقساط پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مہنگائی کے باوجود معیاری ٹیکنالوجی حاصل کر سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہے، جس سے نوجوان آن لائن تعلیم، فری لانسنگ اور ای کامرس جیسے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔

اسکیم میں تین درجوں پر مشتمل قرضے فراہم کیے جائیں گے جن میں بنیادی، درمیانی اور اعلیٰ کیٹیگری شامل ہے۔ ان قرضوں کی مالیت بالترتیب ایک لاکھ پچاس ہزار، تین لاکھ اور چار لاکھ پچاس ہزار روپے رکھی گئی ہے، جنہیں کئی سال کی مدت میں آسان ماہانہ اقساط کے ذریعے واپس کیا جا سکے گا۔

اس اسکیم سے صرف 18 سے 35 سال کی عمر کے پاکستانی شہری مستفید ہو سکیں گے، جن میں یونیورسٹیوں کے طلبا، فری لانسرز اور نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوان شامل ہوں گے۔

کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جبکہ سرکاری ملازمین اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

درخواست گزاروں کو درخواست دینے کے وقت قومی شناختی کارڈ کی اسکین کاپی، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر، آمدنی کا ثبوت، تعلیمی اسناد یا جامعہ میں داخلے کا ثبوت اور فری لانسرز کے لیے آن لائن پروفائلز کے لنکس جمع کرانے ہوں گے۔

تمام درخواستیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے آفیشل آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : تیز بارشوں کی پیشگوئی کے بعد تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم نوجوانوں کو ڈیجیٹل میدان میں مساوی مواقع فراہم کرے گی، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گی اور انہیں عالمی سطح پر علم و ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت میں مؤثر مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی۔

Scroll to Top