خیبرپختونخوا حکومت نے کلاؤڈ برسٹ، فلش فلڈز اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر صوبے کے سرمائی علاقوں میں واقع تمام نجی اور سرکاری سکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ایلمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ بندش 19 اگست سے 25 اگست تک موثر رہے گی۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور والدین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے تاکہ قدرتی آفات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
آج ضلع ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے ضلعی انتظامیہ نے بھی شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر سرکاری و نجی اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ۔
دونوں اضلاع میں سکول بندش کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے اور موسم کی شدت کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع مری میں 19 اور 20 اگست کو دو روز کے لیے تمام سکول بند رہیں گےجبکہ این ڈی ایم اے نے کلاؤڈ برسٹ الرٹ کے تحت دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ:آئی ڈی پیز کے ساتھ بدتمیزی پر پولیس اہلکار معطل
ادھرآزاد کشمیر کے ضلع باغ میں بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید سیلابی الرٹ کے پیش نظر 19 سے 23 اگست تک تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھی موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے خطرات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔