خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس نے ایک بار پھر پنجے گاڑنا شروع کر دیے ہیں، فعال کیسز کی تعداد 90 ہو گئی۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد 90 تک جا پہنچی ہے ، مجموعی طور پر 398 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 82 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، متعلقہ ادارے نے متاثرہ علاقوں کی مانیٹرنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 308 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، چارسدہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں 73 فعال کیسز موجود ہیں۔
ایبٹ آباد اور ہری پور میں دو اور ایک فعال کیس رپورٹ ہوا ہے، لکی مروت میں 2، مانسہرہ میں 3، مردان میں ایک، نوشہرہ میں تین، پشاور میں ایک، صوابی میں تین اور ٹانک میں ایک فعال کیس موجود ہے۔
ایبٹ آباد میں ابتک 20، باجوڑ 7، بنوں 3 اور چارسدہ میں 220 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں، چترال لوئر میں 11، ڈیرہ اسماعیل 4، دیر لوئر 9، ہری پور میں 32، کرک 1، لکی مروت میں 4، ملاکنڈ میں 1، مانسہرہ میں 30، مردان میں 1، نوشہرہ میں 3، پشاور میں 14، صوابی میں 23، سوات میں 12 اور ٹانک میں 1 کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ اضلاع وباؤں کی لپیٹ میں،ہیضہ، ملیریا اور زکام بے قابو
محکمہ صحت نے ڈینگی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر جاری کر دی ہیں، پانی کی نکاسی کو بہتر بنائیں، صاف پانی کے ذخائر کو ڈھانپ کر رکھیں اور مچھر مار سپرے کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔