دیر بالا: ضلع دیر بالا میں فتنۂ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والے معصوم شہری یار محمد کی نمازِ جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر دیر بالا میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ شہید کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
اس پر وقار تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا سید محمد بلال، ایس پی انوسٹی گیشن اکبر شینواری، دیگر پولیس افسران، جوان، شہید کے لواحقین اور علاقے کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا سید محمد بلال نے کہا کہ دیر بالا پولیس شہید یار محمد کے خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید یار محمد قوم کے سچے ہیرو ہیں، جنہوں نے ہمارے آج کے لیے اپنا کل قربان کیا۔ ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : دیر بالا میں فتنۂ الخوارج کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
ڈی پی او نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے لیے باعثِ عزت ہیں، اور ان کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ یار محمد فتنۂ الخوارج کے خلاف ایک ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔