کوٹ مومن: پنجاب کے مختلف علاقوں کی طرح ضلع سرگودھا کا علاقہ کوٹ مومن بھی شدید سیلابی صورتحال سے متاثر ہوا ہے، جہاں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ ریلیف آپریشن میں مصروفِ عمل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے گورنمنٹ ہائی اسکول لکسیاں میں ریلیف کیمپ قائم کیا ہے، جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری امداد اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ بھی اس ریلیف مشن میں پاک فوج کے شانہ بشانہ شریک ہے۔
پاک فوج اور انتظامیہ پر مشتمل تین ریسکیو ٹیمیں مڈ رانجھا، طالب والا اور ہلال پور میں تعینات کی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں ماہر تیراک شامل ہیں جبکہ ہر ٹیم کو دو کشتیاں، 30 لائف جیکٹس اور دیگر ضروری ریسکیو سامان مہیا کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے سیاسی کمیٹی کی مشاورت کے بعد اہم فیصلہ سنا دیا
سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کے لیے خیمے نصب کر دیے گئے ہیں، جہاں انہیں خوراک، پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔
عوام نے پاک فوج کے جذبۂ خدمت اور فوری رسپانس کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فوج کی موجودگی اُن کے لیے حوصلے اور مدد کا ذریعہ ہے۔